مار نہیں پیار

آج دعا جب اسکول سے واپس آئی تو بے حد پریشان نظر آرہی تھی۔ مما کے بار بار پو چھنے پر آخر اس نے بتا دیا کہ آج میں جب سکول گئی تو بہت خوش تھی۔ میں اور ثناء (اس کی کلاس فیلو)تفریح تک خوش رہیں پھر تفریح کے بعدمیڈم نے آکر دھماکہ کیا کہ کل سے آپ کے سالانہ امتحان شروع ہوں گے اور مما آپ یہ تو سنیں کہ پہلا پیپر ریاضی کا ہے؟

یہ تو مما، خوب جانتی تھیں کہ ان کی لاڈلی ریاضی میں زیرو ہے۔ پھر بھی انہوں نے تسلی دی کہ نہیں دعا اگر تم محنت کروگی تو ریاضی کا پیپر تمہیں آبھی جائے گا اور مما نے دعا کی خوب تیاری کروائی۔ اداس دل کے ساتھ دعا صبح اسکول گئی، کیونکہ اسے امید تھی کہ پیپر مشکل ہو گا اور اسے نہیں آئے گا۔ وہ کلاس میں بیٹھی پیپر کی تیاری کر رہی تھی کہ میڈم کلاس میں آئیں اور کہا۔ ”ڈئیر چلڈرن آپ کے لئے ایک بری خبر ہے وہ یہ کہ آپ کے پیپرز کینسل کر دیئے گئے ہیں اور پیپرز ایک ماہ بعد ہوں گے۔” ویسے تو دعا لائق بچی تھی لیکن اسے ریاضی نہ آتی تھی یہ خبر بقول دعا خوشخبری سن کر وہ خوشی سے پاگل ہو رہی تھی۔ جب دعا چھٹی کے بعد گھر پہنچی تو اس نے مما کو یہ خوشخبری سنائی۔ مما نے جب یہ بات سنی تو کہا چلو ٹھیک ہے اس مہینہ میں، میں تمہارے لئے کسی ٹیوٹر کا انتظام کر لوں گی، پھر دعا اسکول گئی تو ایک اور خوشخبری سننے کو ملی کہ میتھ کی ٹیچر ریحانہ اسکول چھوڑ گئی ہیں اور ان کی جگہ کوئی اور ٹیچر آئیں گی اور پیپر مزید دو ماہ کے لئے کینسل کر دیئے گئے ۔یوں دعا میتھ سے بچ گئی اور اس نے پکا ارادہ کر لیا کہ وہ اپنی میتھ کہ طرف دھیان دے گی پھر ان کی نئی ٹیچررابعہ اسکول میں پڑھانے آئیں، انہوں نے بچوں کو پیار سے پڑ ھایا۔ جب کہ ٹیچر ریحانہ تھوڑی بہت مار پیٹ کرتی تھیں۔

ٹیچر رابعہ کے پڑھانے کا خاطر خواہ اثر ہوا اور سب سے بڑھ کر دعا پر۔ اب دعا کو میتھ آجاتی تھی، جس سے وہ اس کی مما بہت خوش ہوئیں۔ پیپرز ہونے والے تھے اور آج ہفتہ تھا پیر کو دعا کا ریاضی کا پہلا پیپر تھا۔ اس بار حالانکہ اسے میتھ آتی تھی، پھر بھی اس نے منہ بنایا ہوا تھا جب ٹیچر رابعہ کو اس کی اداسی کا پتہ چلا تو وہ اس کے پاس گئیں اور پوچھا ہماری دعا شہزادی کو کیا ہوا ہے؟ دعا نے کہا ٹیچر کل میتھ کا پیپر ہے تو مجھے ڈر لگ رہا ہے کہ کہیں پیپر مشکل نہ ہو؟ ٹیچر رابعہ نے دعا کو سمجھا یا کہ آپ کے پاس ریاضی کے دو ٹیچرز ہیں ، ایک میں اور ایک آپ کے ٹیوٹر اور آپ کی مما بھی آپ کی مدد کرتی ہیں۔ اگر آپ کو کوئی سوال یا بات سمجھ نہ آئے تو آپ میرے پاس آئیں ، میں آپ کو وہ سوال سمجھائوں گی، نہ کہ ماروں یا ڈانٹوں گی، آپ یہ سمجھئے کہ میری ڈکشنری میں ” مارنا” نام کا کوئی لفظ نہیں ہے بلکہ میں ہمیشہ یہ کہتی ہوں کہ ” مار نہیں پیار” آپ اپنے اوپر بھروسا کریں کہ ہاں ہمیں یہ کام آجائے گا، ہم بھی کسی سے کم نہیں۔ پھر دعا نے اتوار کے دن ٹیچر رابعہ سے پیپر کی تیاری کروائی ، اپنی مما اور ٹیوٹر سے بھی مدد لی۔ آج دعا کا پیپر تھا، وہ پر امید تھی کہ اسے پیپر آجائے گا۔ جب پیپر اس کے ہاتھ میں آیا تو وہ بہت خوش ہوئی کیونکہ سوال آسان تھے اور سونے پہ سہاگہ سارے سوال اسے آتے تھے، یوں اس نے سب سے پہلے پیپر کیا۔ سارے پیپر ہوگئے اور نتیجہ یہ نکلا کہ دعا فرسٹ آئی تھی اور اس کی دوست ثناء سیکنڈ آئی ، جبکہ پہلے وہ دونوں تھرڈ آتی تھیں ، وہ بھی میتھ کی وجہ سے۔ دعا اپنے پاپا کے ساتھ مٹھائی لینے گئی کیونکہ اس نے ٹیچر رابعہ کو مٹھائی کھلانی تھی۔