وٹامن سی (C) کیوں ضروری ہے؟

خوراک، انسانی جسم کو کئی اہم مادے ، مثلاً پروٹین ، چکنائیاں ، کار بو ہائیڈ ریٹس، پانی اور نمکیات مہیات کرتی ہے۔ تا ہم ، زندگی کی بقا کے لئے ہمیں وٹامن اور اس جیسے دوسرے اجزا کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ وٹامن سی ، تازہ سبزیوں اور ترش پھلوں میں پایا جاتا ہے۔ انسانی جسم میں وٹامن کی کمی کی صورت میں ، اس پر بیماریوں کا حملہ ہو سکتا ہے۔ دراصل ، وٹامن کی کمی کی صورت میں خون کی رگیں کمزور ہو جاتی ہیںاور خون بآ سانی بہنے لگتا ہے۔ جلد پر آنکھوں کے قریب سیاہ اور نیلے نشانات ظاہر ہو جاتے ہیں، مسوڑھوں سے خون بہنے لگتا ہے، انسانی جسم کے ہارمون اور خامرے اپنا کام ٹھیک طرح انجام نہیں دے پاتے اور جسمانی بیکٹیریا کے خلاف جسمانی مدافعت میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔

وٹامن سے متعلق آگاہی سے بہت عرصہ قبل بھی یہ مشاہدہ کیا جا چکا تھا کہ جب کچھ خاص اقسام کی سبزیوں اور پھلوں کو خوراک میں شامل نہ کیا جائے تو بیماریاں جڑ پکڑ نے لگتی ہیں۔ مثال کے طور پر، ملاح جو طویل بحری سفر اختیار کرتے تھے، وہ عرصے تک تازہ سبزیاں استعمال نہ کر سکتے تھے۔ ایسے ملاحوں کو اسقربوط یا سکروی (Scurvy) نامی بیماری لاحق ہو جاتی تھی۔ سترہویں صدی عیسوی میں، برطانوی ملاحوں کو اس بیماری سے بچائو کے لیے خوراک میں استعمال کے لیے لیموں دیئے جاتے تھے۔
حقائق:
پھلوں میں توانائی ، ضروری وٹامن اور نمکیات کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ وتامن ، دراصل ایک طرح کے کیمیکل ہیں، جو دیرپا صحت کے لیے ضروری ہیں۔ وٹامن کی بعض اقسام جسم میں ذخیرہ ہو جاتی ہیں جب کہ باقی کو روزانہ کا حصہ بنانا ضروری ہے۔